ایران: ہالینڈ کی نیشنل سیکیورٹی کی رپورٹ مسترد
ایران نے ہالینڈ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ میں ایران پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔
سحرنیوز/ایران: نیدرلینڈز میں قائم اسلامی جمہوری ایران کے سفارت خانے نے یورپ میں کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث ہونے کے دعووں کو بے بنیاد اور سیاسی قرار دیتے ہوئے ہالینڈ کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کی سالانہ رپورٹ میں ایران پر لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا۔
ایران کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار رہا ہے اور اس نے ہمیشہ ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور عزم اور عملی اقدامات کا مظاہرہ کیا ہے۔
بیان میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ ایسے بہت سے افراد اور تنظیمیں جو ایران میں دہشت گردی میں ملوث رہ چکے ہیں، یورپی ممالک میں حکومتوں کے زیر سایہ آزادانہ ایران مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔