ایران: شہید رجائی پورٹ پر پیش آنے والے دردناک واقعے پر رہبر انقلاب اسلامی ایران کا پیغام
Apr ۲۸, ۲۰۲۵ ۰۷:۵۱ Asia/Tehran
رہبر انقلاب اسلامی ایران آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بندر عباس میں شہید رجائی بندرگاہ پر پیش آنے والے اندوہناک واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے پیغام میں سیکورٹی اور عدالتی عہدیداروں کو واقعے کا سبب بننے والی غفلت یا نیت کا پتہ لگانے اور باضابطہ کارروائی کا حکم دیا ہے۔ آپ نے فرمایا ہے کہ میں ان بہادر لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مشکل وقت میں زخمیوں کو خون دینے کے لیے آمادہ رہے۔
بندر عباس کی شہید رجائی پورٹ میں آتشزدگی کے دردناک واقعے کے بعد آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے پیغام میں سوگوار خاندانوں کو تعزیت پیش کرتے ہوئے سیکیورٹی اور عدالتی عہدیداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کریں اور ذمےداروں کے خلاف باضابطہ کارروائی کریں۔
رہبر انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:
بسم الله الرّحمن الرّحیم
انا اللہ و انا الیہ راجعون
شہید رجائی پورٹ پر آتشزدگی کا دردناک واقعہ انتہائی افسوس اور تشویش کا باعث ہے۔ سیکورٹی اور عدالتی عہدیداروں پر فرض ہے کہ وہ مکمل چھان بین کریں، کسی غفلت یا نیت کا پردہ فاش کریں اور ضابطے کے مطابق کارروائی کریں۔۔ تمام عہدیدار اپنے آپ کو ہر حادثے اور تلخ واقعات کی روک تھام کا ذمہ دار سمجھیں۔ میں خدائے تعالی سے اس جانگداز واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے رحمت و مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر و سکون اور اس المناک واقعے میں زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ میں ان تمام لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس مشکل وقت میں زخمیوں کو خون دینے کے لیے تیار رہے۔
والسلام علیکم و رحمةالله
سیّدعلی خامنهای
27 مئی 2025