ایران کے خلاف صیہونی جارجیت، مسجد جمکران میں سرخ پرچم لہرا دیا گيا، انتقام یقینی
ایران کے مقدس شہر قم کی معروف مسجد جمکران میں " یا لثارات الحسین" کے نعرے کے ساتھ سرخ پرچم لہرا دیا گيا ہے جس کے بعد عوام نے صیہونی حکومت سے سخت انتقام کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران:قم سے تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے خلاف صیہونی جارحیت کے بعد جمعہ کی صبح زائروں اور مسجد جمکران کے ذمہ داروں کی موجودگی میں انتقام کی علامت کے طور پر سرخ پرچم مسجد کے فیروزی گنبد پر لہرا دیا گیا اور عوام نے صیہونی حکومت سے انتقام کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

جمکران مسجد کے علاوہ ایران کے مختلف شہروں میں عوام نے مظاہرے کرکے ، صیہونی حکومت کے خلاف کارروائی کا پرزور مظاہرہ کیا ہے۔
ایران کے اعلی حکام نے صیہونی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

قدس کی غاصب اور جابرصہیونی حکومت نے آج صبح ایران کے مختلف علاقوں، خاص طور پر دارالحکومت تہران کے رہائشی علاقوں پر فضائی جارحیت کی۔ جس میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل سلامی اور ایٹمی سائنسدانوں سمیت متعددعام شہری شہید و زخمی ہوگئے۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔