سید عباس عراقچی ترکیہ پہنچ گئے، صیہونی جارحیت کے موضوع پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس ہوگا
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کے سلسلے میں استنبول پہنچے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران:انہوں نے استنبول ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ موجودہ حالات اور ایران پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے موضوع پر اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس کی درخواست دی تھی جسے منظور کرلیا گیا اور امید ہے کہ اس جارحیت کی مذمت میں ایک ٹھوس بیان جاری ہوسکے۔
سید عباس عراقچی نے بتایا کہ ان اجلاس کے موقع پر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اور او آئی سی تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات بھی ان کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
وزیر خارجہ عراقچی نے بتایا کہ ترک صدر سے بھی ان کی ملاقات طے پائی ہے اور ان تمام مواقع کو ایران کی مظلومیت، حقانیت اور اپنے دفاع کے قانونی حق کی آواز کو دنیا بھر تک پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سید عباس عراقچی جنیوا میں یورپی یونین کے نمائندے اور برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے ملاقات اور گفتگو کے بعد استنبول پہنچے ہیں۔