ایرانی حکومت: ہم قوم اور اس کی استقامت کے شکر گزار ہيں
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i445213-ایرانی_حکومت_ہم_قوم_اور_اس_کی_استقامت_کے_شکر_گزار_ہيں
ایران کی حکومت نے قوم کے نام ایک پیغام میں ایرانی قوم کے اتحاد، ملک سے وفاداری اور قربانی کے جذبے کو سراہا ہے۔
(last modified 2026-01-12T10:15:43+00:00 )
Jun ۲۶, ۲۰۲۵ ۰۷:۳۹ Asia/Tehran
  • ایرانی حکومت: ہم قوم اور اس کی استقامت کے شکر گزار ہيں

ایران کی حکومت نے قوم کے نام ایک پیغام میں ایرانی قوم کے اتحاد، ملک سے وفاداری اور قربانی کے جذبے کو سراہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران:  ایرانی حکومت نے صہیونی حکومت کے ساتھ حالیہ جنگ میں مسلح افواج اور حکومت کے ساتھ یکجہتی اور آپس میں اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر ایرانی قوم کی قدردانی کی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوری ایران کی حکومت، رہبر انقلاب اسلامیآیت اللہ العظمیٰ خامنہ‌ای کی حکیمانہ قیادت اور حکومت پر ان کے اعتماد اور حمایت پر شکریہ ادا کرتی ہے۔

ہم ملک کے تمام طبقات، دانشوروں، سول سوسائٹی کے کارکنوں، سیاستدانوں، روشن خیالوں، فنکاروں، میڈیا سے وابستہ افراد اور ہر سیاسی رجحان رکھنے والی جماعت کی آپس میں ہم آہنگی اور یکجہتی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایران کے بہادر عوام! آپ کی جانب سے وطنِ عزیز کے دفاع میں جو قومی اور متحدہ ردعمل سامنے آیا، وہ 12 روزہ جنگ کے بعد خدا کے فضل، رہبر انقلاب اسلامی کی بصیرت، مسلح افواج کی شجاعت، انٹیلیجنس اداروں کی ہوشیاری، سیکورٹی اہلکاروں کی خدمت، سفارتی تدابیر اور سب سے بڑھ کر آپ کی حمایت سے کامیابی میں بدل گیا۔

صہیونی حکومت اور اس کے سرپرستوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور وہ جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگئے۔

یہ عظیم اور تاریخی فتح ان لوگوں کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے صبر، استقامت اور قربانی سے دشمن کو اس کے عزائم سے باز رکھا۔

ایرانی قوم نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ایک متحد، وفادار اور فداکار قوم ہے جو ہر مشکل میں اپنے وطن کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔