Jul ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران نے علاقے میں جنگ کو بڑھنے سے روکا؛ اکو سربراہی اجلاس میں صدر ایران کا خطاب

صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسرائیلی و امریکی جارحیت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جائز دفاع کے تحت حملہ آوروں کو سبق سکھایا اور علاقے میں جنگ کو بڑھنے سے روکا۔

سحرنیوز/ایران: صدر ایران ڈاکٹر پزشکیان نے جمہوریہ آذربائيجان میں منعقدہ ایکو کے سترہویں سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف صہیونی حکومت کے دہشتگردانہ اور غیرقانونی حملے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ملک کے قانونی دفاع کرتے ہوئے جارحین کو ایک بڑا سبق سکھایا۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر صہیونی حکومت کا حملہ اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل دو کی چوتھی شق سمیت بین الاقوامی قوانین، اور تمام اصول و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارہ دن تک جاری رہنے والی اس وحشیانہ جارحیت کے دوران یونیورسٹی اساتذہ، عام شہریوں، بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی کی نگرانی میں چلنے والے پرامن جوہری منصوبوں اور عوامی بنیادی ڈھانچوں کو مجرمانہ حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا۔ صدر پزشکیان نے کہا کہ میں خطے کے ممالک اور ایکو تنظیم کے اراکین کی جانب سے اس بحران کے دوران ذمے دارانہ موقف اپنانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دنیا کی بہت سی تنظیموں اور عالمی اتحادوں نے اسلامی جمہوری ایران پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت میں واضح بیانات جاری کیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایکو کی سترہویں سربراہی کانفرنس ایک اہم موقع ہے کہ حالیہ صہیونی جارحیت کی مذمت کی جائے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے علاقائی و عالمی خطرات کو ایک بار پھر دنیا بھر تک پہنچایا جائے۔

ٹیگس