Aug ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • چیف آف اسٹاف: ملک کے دفاع کو جدید بنیادوں پر استوار کیا گیا ہے

ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ دشمن کی حالیہ جارحیت کے بعد دفاع کو جدید بنیادوں پر استوار کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ دشمن کی حالیہ جارحیت کے بعد دفاع کو جدید بنیادوں پر استوار کیا گیا ہے اور فوجی تیاری کے ساتھ ساتھ ملکی انفراسٹرکچر کے تحفظ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ایرانی کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ملکی افواج کی تیاری کو بلند سطح پر برقرار رکھنے کے لیے مختلف النوع منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔

ایران کی سول ڈیفنس آرگنائزیشن کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل موسوی نے ریاستی اداروں، خصوصا عوامی خدمات فراہم کرنے والے انفراسٹرکچر کی ہمہ وقت تیاری اور تحفظ پر زور دیا۔میجر جنرل موسوی نے گزشتہ ہفتے بھی اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ایران صہیونی حکومت یا امریکہ کی جانب سے کسی نئی جارحیت کی صورت میں فوری اور بھرپور ردعمل کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

یاد رہے کہ تیرہ جون کو صہیونی حکومت نے ایران پر حملوں کا آغاز کیا تھا، جن میں ایرانی فوجی، جوہری اور رہائشی مقامات کو بارہ دن تک نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں بائیس جون کو امریکہ نے ایران کے تین اہم جوہری مراکز نطنز، فردو اور اصفہان پر حملے کیے۔

ان حملوں کے فورا بعد ایرانی مسلح افواج نے شدید جوابی کارروائیاں کیں اور وعدہ صادق تین آپریشن کے تحت صہیونی حکومت پر بائیس مرحلوں پر مشتمل میزائل حملے کیے، جن سے مقبوضہ علاقوں میں بھاری نقصان ہوا۔امریکی حملوں کے جواب میں، ایران کی افواج نے قطر میں واقع امریکہ کے سب سے بڑے مغربی ایشیائی فوجی اڈے العدید ایئربیس پر بھی میزائل حملے کیے۔

یہ لڑائی چوبیس جون کو جنگ بندی کے نفاذ کے ساتھ وقتی طور پر ختم ہوگئی تاہم ایرانی عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ تیاری کی سطح میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

ٹیگس