Aug ۰۳, ۲۰۲۵ ۰۰:۲۶ Asia/Tehran

 صدر مملکت اور ان کے ہمراہ اعلی سطح کے وفد کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر ایران کے فری اینڈ اسپیشل ایکونامک زون کی اعلی کمیٹی کے سیکریٹری نے پاکستان کے وزیر تجارت کے ساتھ ریمدان- گبد سرحدی گزرگاہ پر مشترکہ فری زون کے قیام پر اتفاق کیا۔

سحرنیوز/ایران:رپورٹ کے مطابق، علاقائی معاشی تعاون میں ترقی اور باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور سرحدی تنصیبات میں بہتری اور فروغ لانے کے ہدف کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایران کے فری اینڈ اسپیشل ایکونامک زون کی اعلی کمیٹی کے سیکریٹری اور پاکستان کے وزیر تجارت کے مابین طے شدہ منصوبے کے تحت آئندہ دو ہفتے کے دوران پاکستان کی حکومت کا ایک وفد ریمدان سرحدی گزرگاہ کا معائنہ کرکے علاقے کی صورتحال، معاشی ترقی کے مواقع اور تعاون کے طریقہ کار کا جائزہ لے گا۔

قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر مذکورہ مشترکہ فری زون کے انتظام، ٹیکس اور کسٹم میں چھوٹ کے طریقہ کار اور ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے مناسب مواقع اور ضروری تنصیبات کی فراہمی پر گفتگو ہوئی۔

دریں اثنا ایران کے فری اینڈ اسپیشل ایکونامک زون کی اعلی کمیٹی کے سیکریٹری نے پاکستان کی اسپیشل ایکونامک زون اینڈ انویسٹمنٹ کمیٹی کی سیکریٹری محترمہ اقبال سے آنلائن ملاقات کی اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بالخصوص صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی پالیسی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ پر استوار ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریمدان- گبد سرحدی اسپیشل فری زون کی تشکیل کے لیے، تعاون کے معاہدے کے بعد، کابینہ اور پارلیمنٹ کی تائید کی ضرورت ہوگی۔

ٹیگس