قفقاز میں امریکی مداخلت ناقابلِ برداشت، ایران
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ علاقائی خودمختاری اور بین الاقوامی سرحدوں کی سالمیت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی بیرونی طاقت کو خطے میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے قفقاز میں امریکی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا اور کسی بھی بیرونی طاقت کو قفقاز کے معاملات میں دخل اندازی کی اجازت نہیں دے گا۔
عراقچی نے آرمینیا کے ساتھ نئے ٹرانزٹ منصوبوں اور سڑکوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے آرمینیائی حکام سے مکمل یقین دہانی حاصل کی ہے کہ اس علاقے میں نہ تو امریکی فوجی، نہ نجی سکیورٹی کمپنیوں کا وجود ہوگا اور نہ ہی کسی بھی غیر ملکی طاقت کو علاقے میں قدم رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں صدر نیکول پاشینیان نے بھی ایرانی صدر اور اعلی حکام سے براہ راست رابطے کیے اور ایران کو یقین دلایا کہ وہ ریڈ لائنز کی مکمل پاسداری کریں گے۔
عراقچی نے اس بات پر زور دیا کہ قفقاز کے حوالے سے ایران کی خارجہ پالیسی واضح ہے اور خطے میں استحکام اور امن قائم رکھنے کے لیے علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کو ترجیح دیتا ہے۔