زعفران کی عالمی پیداوار میں ایران کی حصہ داری 90 فی صد سے زیادہ
ایران کے وزیر زرعی جہاد نے بتایا ہے کہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق زعفران کی عالمی پیداوار میں ایران کی حصہ داری 90 فی صد سے زیادہ ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر زرعی جہاد غلام رضا نوری قزلجہ نے ایک پیغام میں بتایا کہ پوری دنیا میں پیدا ہونے والی زعفران میں ایران کا حصہ 90 فی صد سے زیادہ ہے۔ وزیر موصوف نے 5 آبان مطابق 27 اکتوبر کو " قومی یومِ زعفران" کی مناسبت سے اپنے پیغام میں یومِ زعفران کو سائنسی اور ثقافتی طور سے عالمی سطح پر ایک قومی برانڈ کے طور پر متعارف کرانے، تحقیق، زرعی اور تجارتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے اور اس منفرد پیداوار کی برآمداتی صلاحیت کے بارے میں عوام کی سمجھ کو فروغ دینے کا ایک موقع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زعفران کی عالمی پیداوار میں ایران کا حصہ نوے فی صد سے زیادہ ہے اور یہ اعزاز ایران کے محنت کش کسانوں اور پرعزم برآمد کنندگان کی کوششوں اور اس سرزمین کے ماہرین کے علم کا نتیجہ ہے۔
وزیر زرعی جہاد غلام رضا نوری قزلجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ زعفران کا انتخاب ایرانی شناخت، اصل زراعت کے ورثے اور فروغ پذیر نالج بیسڈ اقتصاد کی علامت ہے۔ زعفران، جس کو ہزاروں سال سے ایرانی ثقافت، روایتی طب، رسم و رسومات میں اور دسترخوان پر ایک خاص مقام حاصل ہے، آج "ایران کا سرخ سونا" کہا جاتا ہے۔ ہمارے ہم وطنوں اور زعفران کی صنعت سے وابستہ تمام محنتی افراد کو یومِ "قومی زعفران"مبارک ہو۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی زعفران کی منفرد خوشبو اور ذائقہ عالمی شہرت یافتہ ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں ایرانی معیار اور صداقت کی علامت کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔