اقوام متحدہ تمام اقوام کے حقوق کی حقیقی نمائندگی کرے: ایرانی وزارت خارجہ کا اقوام متحدہ سے مطالبہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام اقوام کے حقوق کی حقیقی نمائندگی کرے اور امریکی و اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرے۔
سحر نیوز/ ایران: پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اقوام متحدہ کے قیام کی 80 ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ مطالبہ کیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اقوام متحدہ سے اسرائیل کی طرف سے کی جانے والی بین الاقوامی قوانین کی بار بار کی خلاف ورزی کی مذمت کا بھی مطالبہ کیا۔ اسماعیل بقائی نے تہران میں آج پیر کو مذکورہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مساوی حقوق اور حق خود ارادیت کے اصول کے احترام پر مبنی دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا اقوام متحدہ کے بنیادی اہداف میں شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاشبہ امریکہ اور اس کے کچھ اتحادی اقوام متحدہ کے اصول و قوانین اور اس کے اہداف کی سب سے بڑی خلاف ورزی کرنے والے ہیں۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نسل کشی اور کئی ممالک پر غاصب اسرائیلی حکومت کے فوجی حملے، دہشت گردانہ کارروائیاں اور خودمختار علاقوں پر قبضے، یہ سب کچھ امریکہ اور بعض یورپی حکومتوں کی "مکمل حمایت اور تعاون" کے ساتھ انجام پا رہا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے وینزوئیلا، کیوبا، کولمبیا، نکاراگوا، برازیل اور کیریبین اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک کے خلاف امریکی اشتعال انگیز اقدامات اور مسلسل دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے منافی ہیں۔