Sep ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۰:۳۵ Asia/Tehran
  • مصطفی (ص) پرائز 2025: عالم اسلام کے نوجوان سائنسدانوں کو عالمی اعزاز

عالمی مصطفی (ص) پرائز 2025 کے Young Scientist یا نوجوان سائنسداں کے ذیلی ایوارڈ میں 40 سال سے کم کے 3 مسلم سائنسدانوں کو خصوصی شیلڈ سے نوازا گیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: تہران میں ہونے والے عالمی مصطفی (ص) سائنسی پرائز کے تحت، منعقدہ خصوصی تقریب میں ایران سے نوجوان سائنسداں "سپیدہ میرزائی"، ملائیشیا سے "شو پاؤ لوک" اور ترکیہ سے "بوس جواتمرہ" کو میڈیکل اور بایولاجی کے شعبے میں تحقیقات کے لیے "نوجوان سائنسداں" ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سپیدہ میرزائی نے "مالیکیولر ٹریک کی بنیاد پر کینسر کی دواؤں کے مقابلے میں بدن کی مزاحمت کو کنٹرول کرنے" ، جبکہ ملائیشیا کے شو پاؤ لوک نے "آبی اور غذائی صنعتوں میں ایلجی Algae کی ٹیکنالوجی میں جدیدکاری" اور ترکیہ کی بوس جواتمرہ نے "ایپی- جینیٹک تبدیلیوں کے ذریعے کیموتھیراپی کے سامنے کینسر سیلوں کی مزاحمت کی وجہ کا انکشاف" کے تحقیقاتی مقالوں کے ذریعے مصطفی ایوارڈ کے "نوجوان سائنسدانوں" کے شعبے میں شرکت کی تھی۔

مصطفی پرائز کا یہ ذیلی ایوارڈ، عالم اسلام کے نوجوان سائنسدانوں کی ہمت افزائی کے لیے انہیں پیش کیا گیا ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ عالم اسلام میں برگزیدہ سائنسی شخصیات پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ نوجوان سائنسداں کا ایوارڈ جیتنے والے ان ذہین نوجوانوں کو ایوارڈ کے علاوہ 10 ہزار ڈالر کی رقم سے بھی نوازا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ مصطفی (ص) سائنسی فاؤنڈیشن نے گزشتہ اپریل کو عالم اسلام کی یونیورسٹیوں، تحقیقاتی اور سائنسی مراکز، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی انجمنوں، سائنسی اکادمیوں اور سائنس پارکس کے تعاون سے مذکورہ نوجوان سائنسدانوں کا انتخاب کیا ہے۔

اس سال بھی "مصطفی پرائز ایوارڈ" کے لیے سیکڑوں مسلم سائنسدانوں میں سے ہارورڈ یونیورسٹی کے محمد تونر، کوریئنٹ انسٹی ٹیوٹ کے وہب میر رکنی اور ای پی ایف ایل کے محمد خواجہ نذیرالدین کو مصطفی (ص) ایوارڈ اور ہر ایک کو 5 لاکھ ڈالر سے نوازا جائے گا۔

اس سال یہ ایوارڈ دارالحکومت تہران میں ان مسلم سائنسدانوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔

ٹیگس