Sep ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • ہم نے اسرائیل ہی نہیں، نیٹو اور مغرب کی عسکری برتری کو بھی شکست دی: فوج کے سربراہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ 12 روزہ جنگ کے دوران ہم نے مغرب اور نیٹو کی ٹیکنالوجی کے نچوڑ سے جنگ کے باوجود اسٹریٹیجک کامیابی حاصل کی۔

سحرنیوز/ایران: میجر جنرل حاتمی نے اصفہان، تبریز اور ہمدان میں واقع فوجی چھاؤنیوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 روزہ جنگ میں مسلح افواج کے تمام جوان، فوج کے برّی، فضائی اور ایئرڈیفنس فورس سے لیکر بسیج، سپاہ پاسداران انقلاب حتی کہ عام شہریوں تک، سب نے ملک کا ڈٹ کر دفاع کیا اور استقامت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کو تاریخ میں سرفراز کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمنوں نے ایٹمی موضوع کے بہانے سے ایران پر حملہ کیا لیکن عملی طور پر ان کے ناپاک عزائم، ان کے ابتدائی دعووں سے ہٹ کر تھے تاہم اللہ تعالی کی مدد اور فوج کے سپوتوں کی ہمت اور شجاعت کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ ایران اس جنگ سے کامیاب ہوکر نکلا۔

صیہونی دشمن پر ہماری کامیابی اسٹریٹیجک تھی: میجر جنرل امیر حاتمی

انہوں نے کہا کہ دشمن ہماری ایٹمی صلاحیتوں کو ختم نہیں کرپایا کیونکہ یہ توانائی اور ٹیکنالوجی مکمل طور پر قومیائی جا چکی ہے جسے ختم کرنے کا سوال نہیں اٹھتا۔

میجر جنرل حاتمی نے کہا کہ صیہونی اور امریکی دشمن نے ہمارے کمانڈروں کو شہید کرکے ہماری فوجی طاقت کو ختم کرنا چاہا لیکن ہم نے ایسی جنگ کی اور آخری لمحے تک اتنے میزائل دشمن پر برسائے کہ صیہونی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئے اور ان کے میزائلی دفاعی سسٹم بھی ناکام ہوکر رہ گئے۔

فوج کے سربراہ نے بتایا کہ دشمن نے ہمارے ایئرڈیفنس کو تباہ کرنے کی بھی پلاننگ کی تھی لیکن اس شعبے میں بھی انہیں منہ کی کھانی پڑی۔

انہوں نے 12 روزہ جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی کو ایک اسٹریٹیجک جیت قرار دیا اور کہا کہ:" اس بات پر اس لیے زور دے رہا ہوں کہ ایک جنگ میں حکمت عملیوں کا فاصلہ بہت کم ہوتا ہے۔ دشمن کو نقصان پہنچایا جاتا ہے اور خود بھی نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔ آپ نے دشمن کے مارے گئے ڈرون طیاروں اور بھاری سینسر اور پردہ پوشی کے باوجود حیفا اور تل ابیب کو پہنچنے والے بھاری نقصان کی تصاویر کا مشاہدہ کیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ملت ایران نے نہ صرف دشمنوں کو اپنے اہداف میں کامیاب ہونے نہیں دیا بلکہ بیک وقت حملہ اور دفاع  کرنے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ بھی کیا جو ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔"

میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ دشمن نہ صرف ہمارے عوام کے اتحاد کو متاثر نہیں کرسکا بلکہ ملت ایران نے اس موقع پر دشمنوں کے مکروہ چہرے اور بد نیتی کو پہچان کر ان کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے۔

ہم نے صرف اسرائیل سے نہیں بلکہ پوری مغربی دنیا اور نیٹو سے جنگ جیتی ہے: فوج کے سربراہ

فوج کے سربراہ نے زور دیکر کہا کہ اگر چہ یہ جنگ صرف 12 دن تک جاری رہی لیکن اس سے حاصل ہونے والا درس بہت ہی اہم تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے در حقیقت مغربی دنیا اور نیٹو کی ٹیکنالوجی کے نچوڑ سے جنگ کی ہے اور یورپ اور امریکہ نے صیہونیوں کو ہر وہ ہتھیار فراہم کیا جس کی اسے ضرورت تھی اور جہاں کہیں تل ابیب کے ہاتھ پیر پھول جاتے تھے وہاں مغربی ممالک خود میدان میں اتر گئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں کوئی جنگ نہ ہو، تو ہمیں ہر وقت سے زیادہ سے زیادہ تیار اور طاقتور ہونا پڑے گا کیونکہ دشمن نے اپنی خباثت ظاہر کردی ہے اور اس نے دکھا دیا ہے کہ کسی بھی طرح کے ظلم اور جرم پر اتر سکتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے سربراہ نے زور دیکر کہا کہ جب تک ایران کی شجاع عوام اپنی خودمختاری، آزادی، وقار اور سرفرازی پر ڈٹی رہے گی اس وقت تک دشمنوں کی سازشوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ کہ ملت ایران کی استقامت جاری رہے گی اور اس نے خودمختار رہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ٹیگس