Oct ۰۸, ۲۰۲۵ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • ایرانی قوم نے باہمی اتحاد سے دشمن کو عزائم کو خاک میں ملا دیا، صدر پزشکیان

صدر ایران نے کہا کہ دشمنوں نے ایران کو کمزور کرنے کی کوشش کی، مگر ایرانی عوام نے اتحاد، ثابت قدمی اور قومی یکجہتی سے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

سحرنیوز/ایران:  ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیاں نے کہا کہ دشمن نے جنگ اور دیگر حربوں کے ذریعے ایران کو کمزور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن ایرانی قوم نے باہمی اتحاد کے ساتھ پر سازش کو ناکام بنادیا۔

تفصیلات کے مطابق، تہران میں منعقدہ قومی دیہی و قبائلی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ایران کی تمام قومیتیں مل کر مسائل کا حل تلاش کررہی ہیں۔ ہمارا ملک، اپنی تمام ثقافتی و نسلی گوناگونی کے ساتھ، تمام ایرانیوں کا ہے۔

انہوں نے ایران میں موجود مختلف قومیتوں اور ثقافتوں کو خدا کی طرف سے ایک نعمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تنوع کو محفوظ رکھنا ضروری ہے، کیونکہ دشمن اس تنوع کو انتشار کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے جون میں اسرائیلی حکومت اور امریکہ کی جانب سے ایران پر مسلط کی گئی 12 روزہ جنگ کے بعد ایرانی قوم میں پیدا ہونے والے اتحاد و یکجہتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے سوچا تھا کہ حملے کے بعد ایران انتشار کا شکار ہوجائے گا، لیکن جلد ہی انہیں اندازہ ہوگیا کہ ایرانی قوم نے ان کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو کر مختلف شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کیں۔

صدر نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کبھی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے۔ بدخواہ عناصر ایران کو انتشار میں دھکیلنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

مسعود پزشکیاں نے غزہ میں جاری انسانی بحران کو امریکہ اور اسرائیل کی نسل کشی پر مبنی مہم کا نتیجہ قرار دیا اور مغربی ممالک کی جانب سے انسانی حقوق کے دعوؤں کی مذمت کی، جو صہیونی حکومت کو نسل کشی جاری رکھنے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔

ٹیگس