Oct ۳۰, ۲۰۲۵ ۱۰:۰۷ Asia/Tehran
  • عراقچی:ایران کی سفارتکاری، دانشمندی، عزت اور ملی مفادات کے تحفظ پر استوار ہے

وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کی خارجہ پالیسی دانشمندی، عزت اور ملی مفادات کے تحفظ پر استوار ہے اورسخت ترین حالات حتی جنگ کے حالات میں بھی ان اصولوں سے انحراف نہیں ہوا

سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بدھ کو آذربائیجان میں، سفارتکاری اورایران کی ارضی سالمیت" کے موضوع پر قومی سیمینار سے خطاب میں ملک کی تاریخ میں سفارتکاری کے کردار پر روشنی ڈالی

انھوں نے کہا کہ محکمہ سفارتکاری نے ہر دور میں شجاعت اور پامردی کے ساتھ ایرانی تشخص کو مد نظر رکھا اور ایران کی سفارتکاری کی درخشاں تاریخ رقم کی ۔    

انھوں نے کہا کہ آج بھی ایران کے ملی تشخص، خود مختاری اور ارضی سالمیت کے تحفظ میں، سفارتکاری انہیں رہنما اصولوں پر استوار ہے ۔

 سید عباس عراقچی نے یاد دہانی کرائی کہ جب 13 جون 2025 کو ایران دشمن کی جارحیت کا نشانہ بنا تو ہماری سفارتکاری انہیں بنیادی اصولوں پر استوار رہی اور آج دفاع اور سفارت کاری کے میدان میں وطن کے سپاہیوں کی جانفشانی اسی عزم راسخ کے ساتھ جاری ہے۔  

انھوں نے کہا کہ ہماری تاریخی روایت میں مذاکرات تین اصولوں، کرامت، تحمل، اور توازن پر استوار رہے ہیں۔

وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ کرامت یعنی ملی عزت و شرف، تحمل یعنی فیصلے میں غوروفکر اور توازن یعنی عزت اور مصلحت کی آمیزش

انھوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت مسلح افواج اور ملی دفاعی طاقت کرتی ہے اور سفارتکاری اس کے ساتھ چلتی ہے۔  

 وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ جب ہمارے ملک پر جارح دشمن نے حملہ کیا تو فوجی اور سفارتکاری دونوں میدانوں میں ہم آہنگی اور یک جہتی کے ساتھ اقدامات انجام دیئے گئے۔

 انھوں نے کہا کہ اس جنگ میں  ہمارے میزائل ہماری طاقت کے اہم ترین عامل تھے اور سفارتکاری نے اس دفاعی طاقت کو بین الاقوامی قانونی حیثیت میں تبدیل کیا اور پھر دشمن 12 دن کے بعد کسی شرط کے بغیر جنگ بندی کی درخواست پر  مجبور ہوگیا۔    

 وزیرخارجہ نے کہا کہ ملک کو یہ عزت دفا‏عی میزائلوں  سے ملی اور سفارتکاری بین الاقوامی میدان میں اس عزت و شرف کو ثابت کرنے میں کامیاب رہی ۔

ٹیگس