دوبارہ جنگ مسلط کی گئی، تو اسرائیل کا کام تمام کرکے ہی جنگ ختم کریں گے: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کے مشیر
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر کے مشیر جنرل محمد رضا نقدی نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے خلاف دوبارہ جنگ چھیڑنے کی کوشش کی گئی، تو یہ جنگ صیہونی حکومت کی تباہی سے پہلے ختم نہیں کی جائے گی۔
سحرنیوز/ایران: جنرل محمد رضا نقدی نے ہفتہ "بسیج رضاکار فورس" کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ آج دشمن اپنی کمزورترین پوزیشن پر ہے اور دوسری جانب ہم ہیں جو ممکنہ فیصلہ کن جنگ کے لیے لمحے گن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنی خودمختاری، وقار اور ایمان کو محفوظ بنانے کے لیے ہر طرح کی سختی برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
سپاہ پاسداران کے کمانڈر کے مشیر نے ایران کے اسلامی انقلاب کے بعد امریکی سازشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد جب واشنگٹن اندرونی بکے ہوئے عناصر سے ناامید ہوگیا تو اس نے عراق کے سابق آمر صدام حسین اور بعث پارٹی کو اپنی پراکسی کے طور پر ایران کے خلاف میدان میں اتارا اور اس کے بعد متعدد فتنہ پروریوں کا ارتکاب کیا لیکن بسیج رضاکار فورس نے بروقت کردار ادا کرتے ہوئے ہر دور میں دشمنوں کی سازشوں پر پانی پھیر دیا۔
انہوں نے صیہونی حکومت کو امریکہ کی آخری پراکسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب پراکسی عناصر کا دور ختم ہو رہا ہے اور ہم آخری سانس تک اور خون کے آخری قطرے تک اپنے اقدار کی حفاظت کرتے رہیں گے اور حتمی کامیابی تک اس راستے پر گامزن رہیں گے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
جنرل محمد رضا نقدی نے زور دیکر کہا کہ اسلام کے وقار کے دن لوٹ چکے ہیں اور دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ ان کی مٹی بسیج رضاکار فورس کے ہاتھوں ہی پلید ہوگی۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ فلسطین آزاد ہوکر رہے گا اور 20 ہزار مظلوم شہید فلسطینی بچوں کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا اور مغربی دنیا اس کا مشاہدہ کرے گی۔