ایران پر جارحیت میں امریکہ کا مرکزی کردار تھا، اس کا امریکہ نے خود اعتراف کیا ہے، جواب دینے کا حق محفوظ، اقوام متحدہ کو ایران کا خط
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے نام اپنے باضابطہ مراسلے میں لکھا ہے کہ امریکہ نے ایران پر حملے میں مرکزی کردار ادا کرنے کا خود اعتراف کیا ہے
سحرنیوز/ایران : اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے سلامتی کونسل کے نام اپنے باضابطہ مراسلے میں لکھا ہے کہ امریکہ نے ایران پر حملے میں مرکزی کردار ادا کرنے کا خود اعتراف کیا ہے اور اب اسلامی جمہوریہ ایران کو پورا حق حاصل ہے کہ تمام قانونی وسائل کے ذریعے اس جارحیت کے ذمہ داروں کو جوابدہ اور انہیں تمام نقصانات کا ازالہ کرنے پر مجبور کرے۔
امیرسعید ایروانی نے اس خط میں لکھا ہے کہ ایران کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت پر دراندازی کے امریکہ کے اعتراف کے بعد، کہ جو اقوام متحدہ کے منشور کی شق نمبر 4-2 کی کھلی خلاف ورزی ہے، تہران اپنے تمام قانونی حقوق اور وسائل کو بروئے کار لاکر واشنگٹن کو جوابدہ کرے گا۔
انہوں نے لکھا کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں جس میں امریکہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، عام شہری، ان کے اثاثے اور شہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا گيا، لہذا عالمی قوانین کے مطابق، امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ ایران اور اس کے شہریوں کو پہنچنے والے تمام مادی اور نفسیاتی نقصانات کا ازالہ کرے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ امریکی حکام نے خود ان جرائم کا اعتراف کیا ہے جو کہ "جارحیت کے جرم" اور "بین الاقوامی امن پسندانہ قوانین کی خلاف ورزی" کے تحت انہیں فوجداری قوانین اور سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
امیرسعید ایروانی نے زور دیکر کہا ہے کہ امریکی حکام کے اعتراف کے پیش نظر اسلامی جمہوریہ ایران، پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنے نیز مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تمام قانونی وسائل اور طریقوں کو استعمال کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔