امریکی غنڈہ گردی پر ایرانی وزارت خارجہ کا ردعمل
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ کوئی بھی باعزت حکومت غنڈہ گردی برداشت نہیں کرے گی۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے دفترخارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس پیج پر اپنی تازہ پوسٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ "ایران کے اقتصادی انجام کا وقت آگیا ہے۔"
اسماعیل بقائی نے لکھا کہ ممکن ہے کہ امریکہ کے اس غیر قانونی اقدام کی بے چون وچرا اطاعت کرنے والے کہیں، "ٹھیک ہے، کوئی حرج نہیں ہے" لیکن رکئے! بہت بڑا حرج ہے۔ جب ایک بدمعاش اعلان کرتا ہے کہ دنیا کے سبھی بینک، اقتصادی ادارے، بندرگاہیں، ہوائی اڈے اور حکومتیں، امریکہ کی اطاعت یا پھر اس کے انتقام میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں، تو بات صرف ایران کی نہیں رہ جاتی۔
انھوں نے کہا کہ یہ صورت حال سبھی بنیادی بین الاقوامی قواعد و ضوابط اور اقوام متحدہ کے منشور یعنی، حکومتوں کے اقتداراعلیٰ اور اقوام کے، اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے حق کو خطرے میں ڈال رہی ہے۔
ترجمان دفترخارجہ اسماعیل بقائی نے پوسٹ میں لکھا کہ "کوئی بھی باعزت حکومت جو اپنے اقتداراعلیٰ اور قومی مفادات کو اہمیت دیتی ہو، اس صورت حال کو ہرگز قبول نہیں کرسکتی کہ اس طرح کی منظم غنڈہ گردی اور قانون شکنی معمول کی بات بن جائے۔
انھوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ "کینیڈا بھی ان ملکوں میں شامل ہے جو آہستہ آہستہ، مذاکرات کے سائے میں امریکی غنڈہ گردی کا حقیقی مزہ چکھ رہے ہیں۔"
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel