امریکا اور برطانیہ انسانی حقوق کے بارے میں بولنے کا حق نہیں رکھتے
ایران کے نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ نے اپنے عوام کے ساتھ ہی دیگر اقوام کے بھی انسانی حقوق کی وسیع پامالی کا ارتکاب کیا ہے
سحرنیو/ایران: نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے آج منگل 3 نومبر کوامریکا اور برطانیہ میں انسانی حقوق کی پامالی کی سالانہ رپورٹوں کی رونمائی کی۔
انھوں نے اس موقع پر کہا کہ ہم امریکا اور برطانیہ کے انسانی حقوق کی پامالی کے جرائم کی رپورٹوں کی ایسی حالت میں رونمائی کررہے ہیں کہ امریکا نے دیگر اقوام کے انسانی حقوق کی پامالی کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور برطانیہ بھی انسانی حقوق کی وسیع خلاف ورزی کا ارتکاب کررہا ہے۔
انھوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ایران کے خلاف دو فوجی جارحیتوں اوراسی طرح تین سال سے غزہ میں جاری صیہونی حکومت کے جرائم کے تعلق سے انسانی حقوق کونسل کی کارکردگی نے اس کی ماہیت بے نقاب کردی ہے۔
انھوں نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے امریکا کے نکل جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہی کونسل جس کی کارکردگی اس حدتک مایوس کن رہی ہے کہ اس نے انسانی حقوق کی وسیع پامالی اور انسانیت کے خلاف جرائم پر امریکا سے ایک سوال بھی پوچھنے کی جرائت نہیں کی،امریکا نے اس سے بھی نکلنے کا اعلان کردیا ہے۔ کاظم غریب آبادی نے امریکا کی اندرونی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے اندر ابتدائی ترین انسانی حقوق بھی پامال کئے جارہے ہیں، بنابرین اس کو انسانی حقوق کے بارے میں کچھ بھی بولنے کا حق نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی امریکا نے وسیع پیمانے پر انسانی حقوق پامال کئے ہیں جن کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران ایران کے خلاف امریکا اور صیہونی حکومت کی دو فوجی جارحیتوں میں ان کے انسانی حقوق کی پامالی پر مبنی جرائم زیادہ نمایاں ہیں اور ان کی مستند دستاویزات تیار کی جاچکی ہیں۔ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا نے ان فوجی جارحیتوں میں، انسانی حقوق کے ابتدائی ترین بین الاقوامی اصول وضوابط کا بھی خیال نہیں رکھا جن میں 28 فروری کو فوجی جارحیت کے آغاز میں ہی، میناب کے پرائمری اسکول پر وحشیانہ حملہ اور 168 اسکولی بچوں، ان کے والدین اور معلمین کا قتل عام بھی شامل ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel