اتحادیوں کے موقف سے سعودی عرب حیرت زدہ
Sep ۱۷, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۳ Asia/Tehran
خلیج فارس تعاون کونسل کی جانب سے بحران یمن کی سیاسی راہ حل کی حمایت سے سعودی عرب حیرت زدہ رہ گیا ہے۔
میڈیل ایسٹ پینوراما ویب سائٹ کے مطابق خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں سمیت اٹھارہ ملکوں کے نمائندوں نے یمن کے بحران کے سیاسی حل کی حمایت کر کے سعودی عرب کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ ان ملکوں نے ریاض میں خلیج فارس تعاون کونسل کے حالیہ اجلاس میں یہ موقف اپنایا ہے۔ ان اٹھارہ ملکوں کے نمائندوں نے اس سے قبل گیارہ جون کو خلیج فارس تعاون کونسل کی نشست میں یمن پر آل سعود کی جارحیت کی حمایت کی تھی۔میڈل ایسٹ پینوراما کی رپورٹ کے مطابق منگل کو ریاض میں خلیج فارس تعاون کونسل کے اجلاس کے اختتامی بیان میں یمن کے بحران کو سیاسی طریقوں سے حل کرنے پر تاکید کی گئی ہے۔ اس اجلاس میں یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسماعیل ولد شیخ احمد نے بھی شرکت کی تھی۔
اسماعیل ولد شیخ احمد نے اس نشست میں یمن کے بحران کو سیاسی طریقوں سےحل کرنے کی اپنی کوششوں کی رپورٹ پیش کی اور صنعا میں روس کے سفیر نے بھی یمن کے داخلی حالات پر روشنی ڈالی۔ اس رپورٹ کے مطابق ریاض کے حالیہ اجلاس کے بیان میں سعودی عرب کے لئے غیر متوقع اور سنگین پیغام ہے جو آل سعود کو یاد دہانی کرا رہا ہے کہ یمن پر حملوں کو عالمی برادری کی حمایت حاصل نہیں ہے۔