Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • عراق: تکریت شہر سے پسپائی کی تردید

عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ایک عہدیدار نے تکریت شہر سے اس فورس کے اہلکاروں کی پسپائی کی سختی سے تردید کی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان احمد الاسدی نے اتوار کے دن کہا ہے کہ صوبہ صلاح الدین کے صدر مقام تکریت شہر سے عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے پسپائی اختیار نہیں کی ہے اور سب استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ احمد الاسدی کا مزید کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ سے عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں کی پسپائی کی افواہیں پھیلانے کا مقصد، عوامی رضاکار فورس کو نقصان پہنچانا ہے لیکن عراقی عوام کی ہوشیاری کی بدولت ان کو اپنے مقصد میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اس فورس کے اہلکار داعش کے آخری دہشت گرد کو نکال باہر کرنے تک دہشت گردی کے خلاف لڑتے رہیں گے۔

صوبہ صلاح الدین کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا کہ عراق کی فضائیہ نے بیجی کے السلام نامی دیہات میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا۔ اس حملے میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں کو تباہ کئے جانے کے ساتھ ساتھ بیس دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب عراق کی مشترکہ آپریشنل کمان کے ترجمان یحیی رسول نے کہا ہے کہ صوبہ الانبار میں آپریشن، پہلے سے طے شدہ حکمت عملی کے تحت جاری ہے اور اس میں مسلح افواج، پولیس، عوامی رضاکار فورس اور عراق کے قبائل، سب حصہ لے رہے ہیں۔ دریں اثنا حزب اللہ عراق کے بریگیڈ سے وابستہ ذرائع نے فلوجہ شہر میں واقع الجولان کے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر اس بریگیڈ کے میزائل حملوں کی خبر دی ہے۔ ان حملوں میں چالیس سے زیادہ تکفیری دہشت گرد ہلاک اور ستّر سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

ٹیگس