منی سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کی اجتماعی قبروں میں تدفین پر ردعمل
Oct ۰۴, ۲۰۱۵ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
سعودی عرب کے قومی انسانی حقوق کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ منی سانحے کے جنازے علیحدہ قبروں میں دفن کئے جائیں گے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کی رپورٹ کے مطابق اس ملک کے قومی سوسائٹی براے انسانی حقوق کے صدر مفلح بن ربیعان قحطانی نے کہا ہے کہ تمام مراحل انجام پانے کے بعد منی سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے جنازے الگ الگ قبروں میں دفن کئے جائیں گے-مفلح بن ربیعان قحطانی نے منی سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے جنازے اجتماعی قبر میں دفن کئے جانے کی افواہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جن افراد پر منی سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے امور کی ذمہ داری ہے وہ جنازوں کے دفن کے لئے تیار ہونے سے پہلے ان کے حقوق کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے ان کے فنگرپرنٹ اور چہرہ نگاری جیسی تمام اطلاعات کو درج کریں گے-
اس سے قبل ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ سعودی عرب منی سانحے میں فوت ہونے والے ان افراد کو اجتماعی قبر میں دفن کرے گا جن کی شناخت نہیں ہو سکی ہے ایسے افراد کی تعداد کم سے کم چھ سوبتائی جاتی ہے-
آل سعود کے اس اقدام پر ان اسلامی ممالک کی جانب سے بڑے پیمانے پر ردعمل سامنے آیا تھا جنھوں نے منی سانحے کے بعد اپنے بہت سے حاجیوں کے گم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا- چوبیس ستمبر دوہزار پندرہ میں منی میں عیدالضحی کے موقع پر رمی جمرات کے لئے جاتے وقت سعودی حکام کی بد انتظامی کے باعث پیش آنے والے سانحے کے نتیجے میں ہزاروں افراد جاں بحق ہوگئے تھے-