عراق: فوج کے آپریشن میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
-
عراق: فوج کے آپریشن میں دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف کارروائیوں میں درجنوں دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔
ہمارے نمائندے نے عراقی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ عراق کے فوجی ذرائع نے بتایا ہے کہ عراقی افواج نے صوبہ الانبار میں داعش کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں میں جمعرات کو لوگوں کے گھروں اور راستوں کو بموں اور بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کی خصوصی کارروائیاں انجام دیں
رپورٹ کے مطابق اس آپریشن میں پینتس بموں کو منفجر کیا گیا، جبکہ درجنوں بموں کو ناکارہ بنایا گیا ۔ عراق کے فوجی ذرائع نے بتایا ہےکہ اس آپریشن میں ایک موٹر سائکل بم اور دو کاربموں کو بھی ناکارہ بنایا گیا ہے۔ عراقی افواج نے اسی دوران البغدادی نامی علاقے میں ایک آپریشن کے دوران داعش کے کم سے کم دس دہشت گردوں کو ہلاک اور راکٹوں سے لیس ان کی چار گاڑیوں کو تباہ کردیا۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبہ صلاح الدین میں بھی عراق کی فوج اورعوامی رضاکاروں کے مشترکہ آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر سامرا کے اطراف کے علاقوں کو داعش سے پاک کرنے کے بعد سامرا تکریت روڈ کو بھی جمعرات سے کھول دیا گیا ہے۔