مسجدالاقصی پر ایک بار پھر صیہونی فوج کا حملہ
Nov ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۵ Asia/Tehran
صیہونی آباد کاروں اور فوجیوں نے پیر کو قبلہ اول پر حملہ کرکے اس کی بے حرمتی کی کوشش کی-
صیہونی فوجیوں اور آبادکاروں نے پیر کو ایک بار پھر قبلہ اول مسجدالاقصی پر حملہ کرکے اس کی بے حرمتی کی کوشش کی ہے ۔ فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے، کہ جن کے ساتھ غیر قانونی صیہونی بستیوں کے آبادکار بھی تھے، ایک بار پھر باب المغاربہ سے قبلہ اول مسجد الاقصی میں داخل ہوگئے- جس کے بعد فلسطینی نوجوانوں نے اللہ اکبر اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں کے ساتھ صیہونیوں کے مقابلے میں مزاحمت کا مظاہرہ کیا اور انہیں مسجد الاقصی سے باہر نکلنے پر مجبور کردیا۔قابل ذکر ہے کہ اکتوبر کے اوائل سے صیہونیوں کے ذریعے قبلہ اول کی بے حرمتی کرنے کی کوششوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور صیہونی فوجی اور آباد کار تقریبا ہر روز قبلہ اول میں داخل ہوکے اس کی بے حرمتی کی کوشش کرتے ہیں لیکن فلسطینیوں کی مزاحمت کا سامناہونے کے بعد انہیں وہاں سے نکلنا پڑتا ہے۔
اکتوبر کے اوائل میں مسجد الاقصی کی بے حرمتی کے بعد سے ہی فلسطینی نوجوانوں کی نئی تحریک مزاحمت انتفاضہ قدس شروع ہوئی ہے جس میں اب تک مجموعی طور پر چوہتر فلسطینی، صیہونیوں کے ہاتھوں شہید ہوچکے ہیں۔