Nov ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۸:۵۳ Asia/Tehran
  • طالبان کا ایک اہم کمانڈر ملا منصور داد اللہ دو گروپوں کی جھڑپ میں مبینہ طور پر ہلاک
    طالبان کا ایک اہم کمانڈر ملا منصور داد اللہ دو گروپوں کی جھڑپ میں مبینہ طور پر ہلاک

افغانستان میں طالبان کے ایک گروپ کے ایک اہم سرغنہ کی ہلاکت کی اطلا عات ہیں۔

بعض ذرائع کی اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبہ زابل میں طالبان کے دو گروپوں میں ہونے والی جھڑپ میں ایک گروپ کے سرغنہ ملا محمد رسول کا نائب ملا منصور داداللہ ہلاک ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق صوبہ زابل کے سیکورٹی کمانڈر غلام جیلانی فراہی نے بتایا کہ بدھ کی رات صوبے کے "خاک افغان" شہر میں ملا اختر محمد منصور اور ملا محمد رسول کے گروپوں میں لڑائی ہوئی جس میں ملا محمد رسول کا نائب منصور داداللہ ہلاک ہو گیا۔ افغانستان کے آزاد ذرائع نے ابھی تک اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔

صوبہ زابل کے خاک افغان اور ارغنداب شہروں میں طالبان کمانڈروں ملا اختر محمد منصور اور ملا محمد رسول کے افراد میں اس ہفتے کے اوائل میں شروع ہونے والی لڑائی کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ملا اختر منصور کے مخالف کمانڈروں پر مشتمل طالبان کا ایک گروپ حال ہی میں تشکیل پایا ہے جس کا سرغنہ ملا رسول ہے۔ طالبان کے سرغنہ ملا محمد عمر کی موت کی خبروں کے بعد ملا اختر منصور کو اس کا جانشین بنایا گیا تھا۔

ٹیگس