Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • اپنی سرزمین دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے: لیبیا کے وزیر خارجہ
    اپنی سرزمین دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے: لیبیا کے وزیر خارجہ

لیبیا کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کی سرزمین دہشت گردوں کی نئی پناہ گاہ میں تبدیل ہونے کی بابت خبردار کیا ہے۔

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کے وزیر خارجہ محمد الدایری نے کہا ہےکہ ہمیں ایسی اطلاعات ملی ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے حال ہی میں خصوصا شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر روس کے فضائی حملوں کے بعد داعش میں شامل ہونے والوں سے کہا ہے کہ وہ شام کے بجائے لیبیا جائیں۔

محمد الدائری نے مستقبل قریب میں لیبیا کی سرزمین کے دہشت گردوں کی نئی پناہ گاہ میں تبدیل ہونے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ شام، عراق اور لیبیا میں داعش کے خلاف فوری اور عملی اقدام کرے۔

لیبیا کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کی تعداد چار ہزار سے پانچ ہزار تک بتاتے ہوئے کہا کہ ان میں زیادہ تر تیونس، سوڈان اور یمن کے شہری ہیں۔

محمد الدائری نے یورپ کے لئے دہشت گردوں کے خطرے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ داعش نے سرت شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ اور وہ درنہ اور بنغازی سمیت دوسرے علاقوں میں بھی موجود ہیں۔

محمد الدائری نے کہا کہ لیبیا میں دہشت گرد گروہ داعش کے پھیلاؤ کی روک تھام سے قبل عالمی برادری کو اس ملک کے بحران کے سیاسی حل کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔

لیبیا کے وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ لیبیا میں داعش کے مقابلے کے لئے فوج کی شراکت کی حکمت عملی اختیار کی جانی چاہئے۔

واضح رہے کہ سنہ دو ہزار گیارہ میں لیبیا کے سابق صدر قذافی کی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد اس ملک کو سیاسی اور سیکورٹی کے بحران کا سامنا ہے۔

ٹیگس