شام کے بحران کے سیاسی حل پر تاکید
-
شام کے بحران کے سیاسی حل پر تاکید
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے بحران شام کے سیاسی حل پر تاکید کی ہے۔
العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا نے شام کے بحران کے حل پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں سیاسی عمل اور جنگ بندی لازم و ملزوم ہیں اور اقوام متحدہ شام کے تمام علاقوں میں جنگ بندی کے لئے کوشاں ہے، لیکن ان میں داعش کے زیر قبضہ علاقے شامل نہیں ہوں گے۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے نے ویانا اجلاس میں شام کے بحران کا جائزہ لئے جانے کے بارے میں کہا کہ شام کی حکومت کے مخالفین کو تمام گروہوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد تشکیل دینا چاہئے تاکہ وہ اس ملک کے سیاسی عمل میں شرکت کریں۔
واضح رہے کہ شام کے بارے میں ویانا دو اجلاس چودہ نومبر کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بلایا گیا۔
اس اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران، امریکہ، روس، فرانس، چین، برطانیہ، جرمنی، اٹلی، سعودی عرب، عراق، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات، قطر ، اردن ، لبنان اور عمان کے علاوہ شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن دی میستورا نے بھی شرکت کی اور شام کی صورتحال کا جائزہ لیا۔