یمن، انصاراللہ نے تین امریکی شہریوں کو رہا کردیا
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے تین امریکی شہریوں کو رہا کردیا۔
عمان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق انصار اللہ نے اپنی تحویل میں موجود تینوں امریکی شہریوں کو عمان کے حوالے کردیا ہے۔
رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ امریکی شہری کون ہیں اور انہیں کیوں گرفتار کیا گیا تھا ہم اتنا کہا گیا ہے کہ مذکورہ تینوں امریکی شہری عمان کے دارالحکومت مسقط پہنچ گئے ہیں۔
یمن کے سیکورٹی حکام اور انصاراللہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ رہا ہونے والے تینوں امریکی شہری دوما ہ سے دارالحکومت صنعا کی ایک فوجی چھاؤنی میں بند تھے۔
اس سے پہلے انصاراللہ کے سیکورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ دو امریکی شہریوں کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصاراللہ نے ستمبر کے مہینے میں عمانی حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد دو امریکیوں سمیت چھے غیر ملکیوں کو رہا کردیا تھا۔ ادھر امریکی وزارت خارجہ نے عمان سے مذکورہ دونوں افراد کو امریکہ منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔