داعش کے سلسلے میں بین الاقوامی اتحاد کا فریب
حزب اللہ لبنان نے امریکہ کی قیادت میں داعش مخالفت اتحاد کی جنگ کو فریب سے تعبیر کیا ہے
لبنان کی العھد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ ابراہیم امین السید نے سنیچر کو داعش مخالف اتحاد کی جنگ کو فریب قرار دیتے ہوئے زور دے کر کہا کہ جسے داعش مخالف اتحاد کہا جا رہا ہے وہ اپنی پوری طاقت بشار اسد کو اقتدار سے ہٹانے پر صرف کر رہا ہے-
ابراہیم امین السید نے مزید کہا کہ اس اتحاد کے رکن ممالک علاقے اور علاقے کی قوموں کے خلاف ہونے والے اقدامات کی جانب سے آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں اور انھیں علاقے میں بچوں اور خواتین کے خلاف داعش اور دیگر تکفیری دہشت گرد گروہوں کے جرائم کی کوئی پرواہ نہیں ہے-
حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک جنھوں نے خود داعش کو جنم دیا ہے، داعش مخالف اتحاد تشکیل دے کر گذشتہ ڈیڑھ برس سے شام اور عراق کی بنیادی تنصیبات کو تباہ و برباد کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے-
داعش دہشت گردوں نے امریکہ، سعودی عرب، قطر اور ترکی سمیت علاقے کے بعض ممالک کی مدد سے علاقے کے ممالک من جملہ شام اور عراق میں ہولناک جرائم انجام دیئے ہیں-