شامی فوج نے دہشت گردوں سے روسی پائلٹ کو آزاد کرالیا
-
شامی فوج نے دہشت گردوں سے روسی پائلٹ کو آزاد کرالیا
شامی فوج نے ترکی کے ہاتھوں مارگرائے جانے والے روسی طیارے کے ایک پائلٹ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔
المیادین ٹی وی کے مطابق روسی پائلٹ کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کے بعد بحفاظت لاذقیہ میں واقع روسی فوجی اڈے پہنچادیا گیا۔ روسی حکام نے بتایا ہے کہ تباہ ہونے والے روسی طیارے کے ایک پائلٹ کو، جو زخمی ہوگیا تھا، موقع پر موجود دہشت گردوں نے وحشیانہ طریقے سے قتل کردیا جبکہ دوسرا ان کے قبضے سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق شامی فوج نے دہشت گردوں کے قبضے سے فرار ہونے والے روسی پائلٹ کو روسی ایر بیس پہنچا دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی نے منگل کے روز شام میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرنے والے ایک روسی طیارے کو مار گرایا تھا۔ ترک حکام کا دعوی ہے کہ مذکورہ طیارے کو ترکی کی فضائی حدود میں داخل ہونے اور وارننگ دینے کے بعد نشانہ بنایا گیا۔
روس نے ترک حکام کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارگرایا جانے والا طیارہ ترکی کی فضائی حدود سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر شامی علاقے میں پرواز کر رہا تھا۔