بحرینی عوام کا آل خلیفہ حکومت کے پرتشدد اقدامات اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرہ
بحرین کے عوام نے ایک بار پھر شاہی حکومت کے پرتشدد اقدامات اور بلاجواز گرفتاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرہ کیا ہے۔
ہمارے نمائند کے مطابق ہزاروں بحرینی شہری دارالحکومت منامہ کے نواحی شہر الدراز کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے شاہی خاندان کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے سیاسی بنیادوں پر جاری گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے آمریت مخالف سرکردہ رہنما شیخ علی سلمان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔
بحرینی عوام نے یہ مظاہرہ ایسے وقت میں کیا ہے کہ جب ، بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں جمہوریت کے حامیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
بحرین کے سرکردہ آمریت مخالف رہنما شیخ علی سلمان نے جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ بحرینی عوام جمہوریت ، آزادی اور مساوات کے قیام کے لیے پرامن جدوجہد کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحرینی عوام کی تحریک تشدد پر یقین نہیں رکھتی۔