Dec ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کی سرحدوں پر سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے

سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی آمد کی مناسبت سے جہاں پورے عراق میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دئےگئے ہیں وہیں ایران کی سرحدوں پر بھی زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں -

چہلم کے پروگرام سے متعلق ایران میں سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ جنرل محمد جواد زادہ کمند نے کہا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر ایران اور عراق کی سرحدوں کے دونوں جانب پوری طرح امن قائم ہے

انہوں نے کہا کہ ایران اور عراق کے سیکورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد اور موثر انداز میں تعیناتی دونوں جانب کی سرحدوں پر امن کی ضامن ہے -

چہلم کے پروگرام سے متعلق ایران میں سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایران  اور عراق میں تمام اداروں کے فرائض معین کر دئے گئے ہیں اور کسی بھی طرح کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے دونوں جانب سیکورٹی فورس الرٹ ہے-

بدھ بیس صفر کو اسلامی جمہوریہ ایران میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا جا رہا ہے جبکہ عراق میں جمعرات کو چہلم منایا جائے گا - اس مناسبت سے ایران اور پوری دنیا کے دسیوں لاکھ زائرین عراق پہنچے ہیں۔

عراق سے ملنے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ مختلف شہروں خاص طور پر نجف اشرف سے دسیوں لاکھ زائرین سیدالشہدا حضرت امام حسین اور ان کے اصحاب با وفا کے چہلم میں شرکت کے لئے کربلائے معلی کی جانب پیدل جا رہے ہیں - اس درمیان زائرین کی بہت بڑی تعداد ایسی ہے جو انجمنوں اور ماتمی دستوں کی شکل میں یہ راستہ طے کر رہی ہے -

چہلم کے موقع پر کربلائے معلی میں دسیوں لاکھ زائرین کے اجتماع کو عالمی ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پرکوریج دی جاتی ہے -

اس درمیان رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی فرمایا ہے کہ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں دنیا بھر کے مومنین کی عاشقانہ شرکت بلاشبہ شعائرالہی ہے - رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے فقہ کے اپنے درس خارج میں، کربلا میں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے ہونے والے تاریخی اجتماع کو ایک یادگار حسنہ سے تعبیر کیا اور فرمایا کہ "عشق و ایمان" اور "عقل و جذبے" کا امتزاج، اہل بیت اطہارعلیھم السلام کے مکتب کی انفرادی خصوصیت ہے-

حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے اربعین حسینی کے زائرین کی پذیرائی کرنے والے عراقی عوام کی محبت اور بلند ہمتی کو سراہا اور اس عظیم معنوی اجتماع میں شرکت کی توفیق پانے والوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اس موقع کو غنیمت جانیں-

آپ نے فرمایا کہ ہم بھی دور سے اربعین حسینی کے زائرین پر رشک کر رہے ہیں اور یہ آرزو کر رہے ہیں کہ کاش ہم بھی آپ کے ساتھ ہوتے-

رہبر انقلاب اسلامی نے خاندان پیغمبر اسلام سے معنوی اور والہانہ رابطے، نیز ان نورانی شخصیات کی زیارت کو مکتب تشیع کا ایک امتیاز قرار دیا اور فرمایا کہ اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ایران اور دیگر ملکوں سے جانے والے لوگوں کا کربلائے معلی میں عظیم اجتماع، مکتب اہل بیت اطہار علیھم السلام کی ممتاز خصوصیات کا ایک جلوہ ہے اور اس میں بھی ایمان، اعتقاد، اور پختہ یقین موجزن ہے اور ساتھ ہی عشق و محبت بھی-

ٹیگس