Dec ۰۳, ۲۰۱۵ ۰۷:۴۹ Asia/Tehran
  • عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر ابو آلا الولائی
    عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر ابو آلا الولائی

تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے حملوں کی سازش ناکام بنادی گئی۔

عراق میں عوامی رضاکار فورس کے ایک کمانڈر ابو آلا الولائی نے کہا ہے کہ اربعین کے لئے آنے والے زائرین حسینی کے خلاف داعش کی بھیانک دہشتگردانہ سازش ناکام بنادی گئی ہے۔ کتائب سید الشہدا نامی تنطیم کے سیکریٹری اور کمانڈر نے سومریہ چینل سے گفتگو میں کہا کہ تکفیری دہشتگرد گروہ داعش گولہ بارود سے لدی اٹھاون گاڑیوں سے زائرین اربعین میں بم دھماکے کرنا چاہتا تھا لیکن اس وحشی اور تکفیری گروہ کی یہ سازش ناکام بنادی گئی۔

کمانڈر ابو آلا الولائی نے کہا کہ داعش نے ان کار بموں کو اڑانے کا وقت بھی معین کررکھا تھا لیکن عوامی رضا کار فورس اور دیگر استقامتی دھڑوں نے مل کر یہ سازش ناکام بنادی۔ اس سے قبل بھی عراقی حکام اور سیکورٹی ذرائع نے داعش سے واسبتہ دہشتگرد گروہوں کے گرفتار کئے جانے کی خبر دی تھی جو زائرین حسینی پر حملے کرنا چاہتے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ آج جمعرات کو عراق میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیارے نواسے حضرت امام حسین علیہ السلام کا چہلم منایا جارہا ہے۔ عراقی حکام کے مطابق اس سال اربعین حضرت سید الشہدا علیہ السلام کے موقع پر عراق اور ساری دنیا سے دیڑھ کروڑ افراد کربلا پہنچے ہیں۔ دنیا کے سب سے بڑے مذہبی اجتماع میں آنے والے زائرین کی حفاظت کے لئے عراقی حکومت نے تین لاکھ سکیورٹی فورس لگارکھی ہے۔ واضح رہے تکفیری دہشتگرد گروہ کو آل سعود اور صیہونی حکومت کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

ٹیگس