Dec ۰۴, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • شام کے بارے میں اگلے مذاکرات نیویارک میں
    شام کے بارے میں اگلے مذاکرات نیویارک میں

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ شام کے بارے میں اگلے مذاکرات نیویارک میں ہونگے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے شام کے تعلق سے مذاکرات کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا تاہم سفارتکاروں کے مطابق اس بات کا امکان پایا جاتا ہے کہ یہ مذاکرات اٹھارہ دسمبر کو ہونگے۔ شام کے بحران کا راہ حل نکالنے کےلئے پہلے دور کے مذاکرات ویانا میں ہوئے تھے۔
ادھر عالمی ریڈ کراس کمیٹی نے کہا ہے کہ سردیاں آرہی ہیں اور شام میں انسانی صورتحال بحرانی ہوتی جارہی ہے۔ جینوا سے شین ہوا کی رپورٹ کے مطابق عالمی ریڈ کراس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ تقریبا پانچ سال کی جنگ میں شام کی بنیادی تنصیبات کا بیشتر حصہ تباہ ہوچکا ہے اور اب جبکہ سردیاں آرہی ہیں اور درجہ حرارت صفر سے نیچے چلا جائے گا لاکھوں افراد ابتدائی وسائل وذرایع کی مدد سے زندہ رہنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ریڈ کراس کمیٹی کے مطابق شام کے بارہ ملین باشندوں کو جن میں نصف تعداد بچوں کی ہے فوری امداد کی ضرورت ہے۔

عالمی ریڈ کراس کمیٹی نے کہا ہے کہ شام کے چالیس لاکھ شہری گھر بار چھوڑ کربیرون ملک چلے گئے ہیں اور تقریبا آٹھ ملین شہری ملک کے اندر پناہ گزینوں کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ ادھر عالمی ریڈ کراس کمیٹی میں مغربی ایشیا کے امور کے انچارج رابرٹ ماردینی نے کہا ہے کہ شام کے بہت سے پناہ گزیں ہمسایہ ملکوں جیسے لبنان اور اردن میں زںدگی گذارنے پر مجبور ہیں اور انکے حالات نہایت افسوس ناک ہیں اور اب سردیوں کی آمد آمد ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے لئے کوئی پناہ ڈھوںڈنے کی کوشش کررہے ہیں۔

ٹیگس