عراقی فوجیوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ
-
عراقی فوجیوں کے خلاف دہشت گردانہ حملوں میں اضافہ
دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد داعش دہشت گردوں نے اپنے وحشیانہ حملے تیز کر دیئے ہیں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے الانبار کے صدر مقام الرمادی کے شمال مغربی علاقے میں عراقی فوجیوں کے مراکز کے قریب ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں کم از کم ستّائیس عراقی فوجی جاں بحق اور پینتیس سے زائد دیگر زخمی ہو گئے۔
اسی طرح الرمادی میں ایک مکان میں داخل ہوتے وقت بھی ہونے والے ایک بم دھماکے میں کئی عراقی فوجی جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ عراقی فوجیوں نے حال ہی میں عوامی رضاکاروں کی مدد سے عراق کے مختلف علاقوں خاص طور سے صوبے الانبار میں دہشت گردوں کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبے الانبار کے مختلف علاقوں میں عراقی فوجیوں نے دہشت گردوں کا محاصرہ کرلیا ہے۔