عراق: فوج نے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی شہر کے مزید آٹھ علاقوں کو آزاد کرا لیا
عراقی فوج نے صوبہ الانبار کے صدر مقام الرمادی کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی اپنی کارروائی کے دوران اس شہر کے مرکز میں مزید آٹھ علاقوں کو آزاد کرا لیا ہے -
عراق کے الفرات ٹی وی چینل نے خبردی ہے کہ انسداد دہشت گردی کے خصوصی دستوں نے الرمادی شہر کے وسط میں آٹھ علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے -
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سرگرم بدرتنظیم کے کمانڈرعبدالغنی الاسدی نے کہا ہےکہ اس وقت الرمادی شہر کا اسّی فیصد علاقہ عراقی فورس کے کنٹرول میں آگیا ہے- یہ ایسی حالت میں ہے کہ صوبہ الانبار میں خالدیہ شہرکی سیکورٹی کمیٹی نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورس نے شہر کے شمال میں واقع البوفراج علاقے کو داعش کے قبضے سے مکمل طور پرآزاد کرالیا ہے - خالدیہ شہر میں سیکورٹی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم الفہدی نے بتایا کہ اس کارروائی میں کم سے کم بیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے -
اس درمیان السومریہ نیوز نے صوبہ الانبار میں عراقی فوج کی آپریشنل کمان کے سربراہ جنرل اسماعیل المحلاوی کے حوالے سے خبردی ہے کہ الرمادی کے شمال میں الزویہ کا علاقہ بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا گیاہے- رمادی شہر پرداعش نے مئی میں قبضہ کیا تھا - عراقی فوج نے پچھلے ہفتے سے الرمادی شہر کو آزاد کرانے کی کارروائی شروع کی -