یمنی فوج کی جوابی کارروائی، چوبیس سعودی فوجی ہلاک
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے اعلان کیا ہے کہ آل سعود حکومت کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج نے سعودی عرب کے علاقوں میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے کم از کم چوبیس سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔
یمن کی عوامی تحریک انصار اللہ نے اپنی ویب سائٹ پرٹوئیٹ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جارحیت کے جواب میں یمنی فوج کی کارروائی بھی جاری ہے اور یمنی فوج کے جوابی میزائلی حملوں میں چوبیس سعودی فوجی ہلاک اور سینتیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق یمنی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب کے علاقے جیزان میں اس ملک کے فوجی ٹھکانوں پر اٹھارہ میزائل داغے۔ یمنی فوج کی جانب سے سعودی جارحیت کا جواب ایسی حالت میں دیا جا رہا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی عرب کے گذشتہ نو مہینوں سے جاری وحشیانہ حملوں میں اب تک ساڑھے سات ہزار سے زائد یمنی شہید اور تقریبا چودہ ہزار دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
سعودی عرب نے یمن میں اپنے آلۂ کار کی حیثیت سے اس ملک کے مستعفی صدر کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی غرض سے گذشتہ سال مارچ کے مہینے میں اس ملک کے خلاف اپنی وحشیانہ جارحیت کا آغاز کیا اور سعودی عرب کی یہ جارحیت ایسی حالت میں جاری ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمیشن نے گذشتہ بائیس دسمبر کو اپنے ایک اجلاس میں یمن کے رہائشی علاقوں پر حملوں اورعام شہریوں کے قتل عام کا ذمہ دار سعودی اتحاد کو قرار دیتے ہوئے اس ملک کی بنیادی تنصیبات خاص طور سے اسکول و مدارس اور ہسپتالوں کو حملے کا نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔