لیبیا کے بن جواد شہر پر داعش دہشت گرد گروہ کا قبضہ
دہشت گرد گروہ داعش نے لیبیا کے شمال میں اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے بن جواد شہر پر قبضہ کرلیا ہے
لیبیا کے مقامی ذرائع نے خبر دی ہےکہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے لیبیا کے شمالی علاقوں میں جہاں تیل کے ذخائر ہیں پیر سے اپنا حملہ شروع کیا تھا اور اس نے بن جواد شہر پر قبضہ کرلیا ہے - بن جواد شہر تیل سے مالا مال دوشہروں بن نواف اور سرت میں واقع ہے - اورالسدرہ بندرگاہ سے جو لیبیا میں تیل پیدا کرنے والا ایک اہم شہر شمار ہوتا ہے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے -
خبروں میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ داعش کے عناصر نے شہر میں داخل ہونے کے بعد خود کو ہوائی حملوں کی زد سے محفوظ کرلیا اور چیک پوسٹیں قائم کرکے اس علاقے میں گاڑیوں کو آنے سے روک دیا -
ادھرالہروج بندرگاہ میں بھی ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ داعش نے اس بندرگاہ کے قریب تیل کی تنصیبات کی حفاظت کرنے والے سیکورٹی گارڈ کے کیمپ پر بھی حملہ کر کے اس پر قبضہ کرلیا ہے -
داعش نے السدرہ بندرگاہ پر بھی پیر سے مسلسل حملے کر کے تیل کے ایک ڈپو کو اڑا دیا ہے جس کی وجہ سے بھیانک آگ لگ گئی ہے -