Jan ۱۱, ۲۰۱۶ ۰۶:۴۵ Asia/Tehran
  • لبنان: برج البراجنہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ گرفتار

لبنان کی سیکورٹی فورسز نے بیروت کے مضافات میں واقع برج البراجنہ علاقے میں کئےجانے والے دہشت گرد بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کر لیا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی سیکورٹی فورسز نے نومبر دو ہزار  پندرہ میں برج البراجنہ میں کئے جانے والے بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ  کو اتوار کے دن گرفتار کر لیا۔ لبنان کے ایک سیکورٹی ذریعے نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے خالد بن زین الدین سیف الدین نامی دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ہے جو ابوطلحہ کے نام سے معروف ہے۔
لبنان کی سیکورٹی فورسز دو مہینوں سے اس شخص پر نظر رکھے ہوئے تھیں اور انہوں نے شمالی لبنان میں واقع طرابلس کے القبہ علاقے میں آپریشن کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
اس دہشت گرد نے ابتدائي تفتیش کے دوران شام کے صوبے الرقہ میں دہشت گرد گروہ داعش کے ایک سرغنے کے ساتھ اپنے رابطے اور شمالی لبنان میں عاصون گروہ کے ساتھ تعاون کا اعتراف کیا ہے۔ واضح رہے کہ لبنان کی سیکورٹی فورسز نے عاصون گروہ کو کافی عرصے سے تباہ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ بارہ نومبر سنہ دو ہزار پندرہ کو جنوبی بیروت میں واقع برج البراجنہ نامی علاقے میں دو دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے تھے جن میں چالیس سے زیادہ افراد جاں بحق اور تقریبا دو سو چالیس زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس