لیبیا میں داعش کے ٹھکانوں پر نامعلوم جنگی طیاروں کے حملے
لیبیا کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ نامعلوم جنگی طیاروں نے سرت شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں
لیبیا کی بوابہ الوسط نیوز ویب سائٹ نےسرت شہر میں مقامی ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ نامعلوم جنگی طیاروں نے الظہر کے علاقے میں جو سرت شہر سے بیس کلومیٹرکے فاصلے پر واقع ہے دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں - ان حملوں میں فجر لیبیا نامی شدت پسند تنظیم سے وابستہ النھرکیمپ کو بھی جہاں داعش نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں نشانہ بنایا گیا -
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ان حملوں میں داعش کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا اور ان کی متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں - نامعلوم جنگی طیاروں نے سرت شہر کے مرکز اور اس کے مضافات میں بن جواد کالونی میں بھی داعش کے ٹھکانوں پر حملے کئے ہیں -
داعش نے لیبیا کے سرت شہر اور اس کے مضافات کے علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے - داعش نے چند مہینے قبل ساحلی شہر سرت پر قبضہ کرکے اس کو اپنی حکومت کا دارالخلافہ قرار دیا ہے اور لیبیا کے دیگر علاقوں میں اپنی پوزیشن مستحکم بنانے کے مرکز کے طور پر اس شہر کو استعمال کر رہا ہے -