مصر کے مفتی کی جانب سے ترکی میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت
مصر کے مفتی شوقی علام نے ایک بیان جاری کر کے ترکی میں مسجد سلطان احمد پر کئے جانے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
رسا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مصر کے مفتی شوقی علام نے ایک بیان جاری کر کے ترکی کے شہر استنبول کے سیاحتی علاقے میں واقع مسجد سلطان احمد پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
مصر کے مفتی شوقی علام کے بیان میں مزید آیا ہےکہ مجرموں نے نہ صرف خانہ خدا کے احترام کا پاس نہیں رکھا بلکہ اس کے انہدام کی کوشش کی اور وہ مسلمانوں اور بے گناہوں کے قتل عام کی بناء پر دنیوی اور اخروی لعنت کے سزاوار قرار پائے۔
مصر کے مفتی کے بیان میں مزید آیا ہے کہ تکفیری دہشت گردی نے ثابت کر دیا ہے کہ انتہا پسندوں کا واحد مقصد فتنہ و فساد، قتل عام اور لوگوں کو گمراہ کرنا ہے۔واضح رہے کہ ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول کے سیاحتی مرکز سلطان احمد میں منگل کے دن بم دھماکہ کیا گیا۔ یہ خود کش حملہ استنبول کی تاریخی مسجد کے قریب اس وقت ہوا جب وہاں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس بم دھماکے میں دس افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہوئے ہیں۔