عراق: بغداد بم دھماکوں میں ملوث عناصر گرفتار
Jan ۱۴, ۲۰۱۶ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بغداد کے حالیہ بم دھماکوں میں ملوث عناصر کی گرفتاری کی خبر دی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے بدھ کے دن صوبہ بصرہ کے ججوں کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران کہا کہ عراقی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے پیر کے دن بغداد کے الجدیدہ علاقے میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔
عراقی وزیر اعظم نے معاشرے میں عدل و انصاف کی برقراری اور انسانی شرف کے تحفظ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ججوں کے کاندھوں پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے اور ان کو اپنا کردار بطریق احسن انجام دینا چاہئے۔
واضح رہے کہ پیر کے دن عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمال مشرق میں دو دہشت گردانہ بم دھماکے ہوئے تھے جن کے نتیجے میں بیس افراد جاں بحق اور پچاس زخمی ہوگئے تھے۔