Jan ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۶ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کی جارحیت، متعدد یمنی شہری شہید و زخمی

یمن کے شمالی صوبے عمران میں سعودی لڑاکا طیاروں کے حملوں میں متعدد افراد شہید اور زحمی ہو گئے۔

العالم ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کے صوبہ عمران کے شہر حوث پر سعودی لڑاکا طیاروں کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں پانچ نومولود بچے بھی شامل ہیں جبکہ بچوں کی ایک تعداد زخمی بھی ہوئی ہے۔

دارالحکومت صنعا سے چالیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں بلاد الروس پر بھی سعودی لڑاکا طیاروں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم پندرہ عام شہری شہید ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس گاؤں پر ہونے والے حملے میں پچیس عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کی جنگ کے نتیجے میں بےگھر ہونے والے بہت سے افراد نے بلاد الروس علاقے میں پناہ لے رکھی ہے۔

دوسری طرف یمن میں یونیسیف نے سعودی جارحیت کا شکار ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے یمنی بچوں کی صورت حال کو تشویشناک قرار دیا ہے اور اس بارے میں خبردار بھی کیا ہے۔

ادھر یمنی فوج نے سعودی جارحیت کے جواب میں سعودی عرب کے دو فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق یمنی فوج اورعوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے العمری میں واقع رجلا اور الشرفہ میں دو سعودی فوجی اڈوں پر میزائل حملہ کیا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق اس حملے میں کم سے کم دس سعودی فوجی ہلاک اور بیس دیگر زخمی ہو گئے۔ یمنی فوج اور رضاکار فورس کے میزائل حملے میں سعودی ایجنٹوں کی تین فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب، امریکا کی حمایت اور اپنے بعض علاقائی اتحادیوں کے تعاون سے گزشتہ سال چھبیس مارچ سے یمن پر وسیع وحشیانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے جن کے نتیجے میں ہزاروں یمنی شہری شہید ہو چکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں بچے اورعورتیں بھی شامل ہیں۔ یمن پر سعودی جارحیت کے نتیجے میں پچاس فی صد یمنی نوجوانوں کے بے روزگار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

ٹیگس