سعودی عرب: شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بیٹے کو باشادہ بنانے کی کوشش تیز کر دی
سعودی شاہی خاندان میں اقتدار کی جنگ تیز ہونے کے بعد ،بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ولی عہد کو بائی پاس کر کے اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو بادشاہ بنانے کی کوشش تیز کردی ہے۔
سنڈے ٹائمز نے الخلیج ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ، موجودہ ولی عہد محمد بن نائف ملک سلمان کے بھتیجے ہیں تاہم ، سلمان بن عبدالعزیز کی کوشش ہے کہ اپنے تیس سالہ بیٹے کو اپنی جگہ شاہ بنادیا جائے۔ اس رپورٹ کے مطابق سلمان بن عبدالعزیز بہت جلد اپنے بیٹے کے حق میں اقتدار سے کنارہ کشی اختیار کرنے والے ہیں۔ کئی ایک باخبر ذرائع نے الخلیج ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو بتایا ہےکہ سلمان بن عبدالعزیز سلطنت سے کنار کشی اختیار کرکے اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو بادشاہ بنانا چاہتےہیں۔ محمد بن سلمان اس وقت ولی عہد کے جانشین اور وزیردفاع ہیں اور سلطنت کی دوڑ میں ان کا شمار دوسری صف میں ہوتا ہے۔ سلمان بن عبدالعزیز ان دنوں اپنے بھائیوں کے ساتھ مذاکرات میں مصروف رہے ہیں تاکہ انہیں اپنے بیٹے کی بیعت کے لیے تیار کیا جاسکے۔ اس کے نتیجے میں موجود ولی عہد اور وزیر داخلہ محمد نائف کو بائی پاس کردیا جائے گا جو اس وقت امریکہ کی آنکھ کا تارہ بنے ہوئے ہیں۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بھائیوں سے کہا ہے کہ سعودی سلطنت کے دوام کے لیے جانشینی کے ماڈل میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور بادشاہت کی بھائی سے بھائی کو منتقلی کے عمل کے بجائے باپ سے بیٹے کو منتقلی کا عمل اپنا نا ہوگا جس میں بقو ل ان کے بادشاہ اپنے لائق ترین بیٹے کو مسند اقتدار پر بٹھائے ۔
باخبر ذرائع نے سلمان بن عبدالعزیز کی کنارہ کشی کے لیے کسی وقت کا تعین نہیں کیا ہے تاہم کہا کہ یہ کام بہت جلد انجام پائے گا۔ اور سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے اس اقدام کی ممکنہ مخالفت کو روکنے کے لیے شاہی خزانے کی تجوریاں کھول دی ہیں اور لاکھوں ڈالر خرچ کیے جارہے ہیں۔