Jan ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • ترکی نے شام میں تکفیری دہشت گردوں کی مدد بڑھا دی: روسی وزارت خارجہ

روس نے انکشاف کیا ہے کہ ترکی نے شام میں تکفیری دہشت گردوں کی مدد بڑھا دی ہے۔

رشا ٹوڈے کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ایک طرف بحران شام کے پرامن حل کے لئے تیسرے جنیوا مذاکرات کی تیاری ہورہی ہے اور دوسری طرف ترکی نے شام میں سرگرم تکفیری دہشت گردوں کی حمایت اور مدد بڑھا دی ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ترکی شام میں تکفیری دہشت گردوں کی مدد کرکے شام کے زمینی حالات کو دہشت گردوں کے حق میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ شام کے اندر سے موصولہ رپورٹیں بتاتی ہیں کہ جبہۃ النصرہ اور احرارالشام نامی تکفیری دہشت گرد گروہ ترکی کی مدد سے شامی افواج کے خلاف بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں ۔

ماریا زاخارووا نے کہا کہ حلب میں سرگرم تکفیری دہشت گردوں کی مسلسل حمایت اور مدد کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں انھوں نے اپنی سرگرمیاں ، حمص، ادلب حتی شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافات تک بڑھا دی ہیں ۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ترکی نے شام کی سرحد کے قریب جو مورچے بنائے ہیں وہ تکفیری دہشت گرد گروہوں کے مضبوط ٹھکانوں میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔

یاد رہے کہ رواں مہینے کے آغاز میں شام کے وزیر خارجہ ولید معلم نے بھی کہا تھا کہ ترکی نے شام میں سرگرم تکفیری دہشت گردوں کے لئے ایک محفوظ راہ داری بنائی ہے ۔ انھوں نے ترکی کی حانب سے تکفیری دہشت گردوں کی حمایت اور مدد پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحران شام کے پر امن حل کے لئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کی مدد اور حمایت بند کردی جائے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ترکی نے ایسی حالت میں شام میں سرگرم تکفیری دہشت گردوں کی مدد اور حمایت نیز ان دہشت گردوں تک اسلحے اور جنگی وسائل پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے کہ عالمی برادری شام کے بحران کے پر امن حل کے لئے شام کی حکومت اور مخالفین کے درمیان مذاکرات کی کوششوں میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اٹھارہ دسمبر دو ہزار پندرہ کو ایک قرار داد پاس کرکے بحران شام کے پرامن حل کے لئے ایک بین الاقوامی نقشہ راہ کی تدوین کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ سلامتی کونسل کی اس قرار داد میں شام میں جنگ بندی چھے مہینے کے اندر ایک قانونی اور وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل اور اٹھارہ مہینے کے اندر اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزاد اور شفاف انتخابات کرانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ٹیگس