Jan ۲۵, ۲۰۱۶ ۰۹:۳۴ Asia/Tehran
  • عادل الجبیر نے ثامر السھبان کے اس بیان کی مخالفت کی جس میں انھوں نے کہا ہے کہ عراقی معاشرے میں اس ملک کی رضاکار عوامی فورس کی کوئی حیثیت نہیں ہے-
    عادل الجبیر نے ثامر السھبان کے اس بیان کی مخالفت کی جس میں انھوں نے کہا ہے کہ عراقی معاشرے میں اس ملک کی رضاکار عوامی فورس کی کوئی حیثیت نہیں ہے-

سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ بغداد میں سعودی عرب کے سفیر کا حالیہ بیان، عراق کے سلسلے میں ریاض کا سرکاری موقف نہیں ہے-

السومریہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اتوار کو بحرین کے دارالحکومت منامہ میں ہندوستان عرب تعاون اجلاس کے موقع پر عراقی وزیر خارجہ ابراہیم الجعفری سے ملاقات میں بغداد میں سعودی سفیر ثامر السھبان کے اس بیان کی مخالفت کی جس میں انھوں نے کہا ہے کہ عراقی معاشرے میں اس ملک کی رضاکار عوامی فورس کی کوئی حیثیت نہیں ہے-

عادل الجبیر اور ابراہیم الجعفری نے سعودی سفیر کے دعوے کو سعودی عرب اور عراق کے مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے لئے نقصان دہ قرار دیا اور تاکید کی کہ آئندہ اس طرح کا موقف دہرایا نہیں جانا چاہئے-

عراق کی وزارت خارجہ نے اتوار کو بغداد میں سعودی عرب کے سفیر ثامر السھبان کے بیان پر احتجاج کرتے ہوئے انھیں وزارت خارجہ میں طلب کر کے شدید احتجاج کیا تھا-

عراق میں سعودی عرب کے سفیر نے سنیچر کو السومریہ ٹی وی چینل کو انٹرویودیتے ہوئے، دعوی کیا تھا کہ مغربی عراق میں صوبہ الانبار کے عوام اور کرد، اپنے علاقوں میں عوامی رضاکار فورس کے داخل ہونے کے خلاف ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ عراقی معاشرے میں اس رضا کار فورس کی کوئی حیثیت نہیں ہے-

بغداد میں سعودی عرب کے نئے سفیر ثامر بن علی السھبان سعودی عرب کے ایک اعلی سیکورٹی عہدیدار ہیں اور انھوں نے گذشتہ برسوں میں شام و عراق میں دہشت گرد گروہوں کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے-

ٹیگس