داعش کو افغانستان میں نابود کر دیا جائے گا، محمد اشرف غنی
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے داعش کو افغانستان میں نابود کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ داعش، افغانستان کی پیداوار نہیں اور اس کے مجرمانہ اقدامات نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش نے افغان قوم کو للکار کر بہت بڑی غلطی کی ہے اور افغانستان کے عوام داعش کو دفن کر دیں گے۔
افغانستان کے صدر نے داعش کے خلاف علاقائی اور عالمی کوششوں میں ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر رواں سال اپریل تک طالبان کے ساتھ امن مذاکرات شروع نہیں ہوئے تو جھڑپیں شدت اختیار کر جائیں گی اور اس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے۔
افغان صدر اشرف غنی نے کہا کہ دنیا کو یہ بات سمجھنا ہو گی کہ افغانستان میں جاری لڑائی، ایک بڑی جنگ کا حصہ ہے جس نے پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کی مشکلات ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں اور انہیں یک طرفہ اقدامات سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ مذاکرات نہ کرنے والے طالبان گروہوں کے خلاف موثر کارروائی کرے۔