مذاکرات کے لئے طالبان کی کوئی شرط منظور نہیں، حکومت افغانستان
افغان حکومت نے امن مذاکرات کے لئے طالبان کی شرط کو مسترد کر دیا۔
افغان صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے طالبان کی کوئی بھی پیشگی شرط قبول نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ امن مذاکرات کے لئے شرائط پیش کرنے والوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ افغان عوام انھیں قبول نہیں کرتے۔
افغان صدر کے ترجمان سید ظفر ہاشمی نے پیر کے روز کابل میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کابل حکومت ملک سے جنگ و خونریزی ختم کرنے کے لئے امن مذاکرات کا عمل آگے بڑھانا چاہتی ہے لیکن اس کے لئے وہ کوئی شرط قبول نہیں کرے گی۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے الیکشن نظام میں اصلاح کی ضرورت ہے کیونکہ یہ عوام کی اکثریت کا مطالبہ ہے۔
افغان صدر کے ترجمان نے امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے طالبان کی شرط کو ایسی حالت میں مسترد کیا ہے کہ صدر اشرف غنی نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب میں خبردار کیا تھا کہ اگر امن مذاکرات جلد شروع نہ ہوئے تو گرمیوں کا موسم شروع ہوتے ہی افغانستان میں جھڑپوں میں ایک بار پھر شدت آجائے گی۔