بحرینی عوام کی پرامن انقلابی تحریک کی پانچویں سالگرہ، آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اقدامات مزید سخت
بحرینی عوام کی پرامن انقلابی تحریک کی پانچویں سالگرہ کی آمد کے موقع پرآل خلیفہ حکومت نے ملک میں سیکورٹی کے اقدامات اور زیادہ سخت کر دئے ہیں۔
بحرینی انقلابیوں کے ٹیلی ویژن چینل اللولوء نے خبر دی ہےکہ آل خلیفہ حکومت نے عوامی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی تدابیر سخت کرتے ہوئے کرزکان اور منامہ کے مضافاتی علاقے دمستان میں لوگوں کے گھروں پر حملہ کیا ہے-
آل خلیفہ حکومت کے کارندوں نے ہفتے کو بھی بحرین کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے گھروں پر چھاپہ مار کر کم سے کم گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا- خبروں میں بتایا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس کے ا ہلکاروں نے لوگوں کے گھروں پر ایک ایسے وقت دھاوا بولا ہے کہ جب کسی بھی اہلکار کے پاس لوگوں کی گرفتاری یا گھروں کی تلاشی کاوارنٹ نہیں تھا- بحرین کے انسانی حقوق کے مرکز نے اعلان کیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے گذشتہ ہفتے بھی اکتیس افراد کو گرفتار کرلیا تھا جن میں کئی بچے بھی شامل تھے-
واضح رہے کہ بحرین میں چودہ فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کی پرامن انقلابی تحریک جاری ہے- بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی، جمہوریت اور سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ بحرینی حکومت عوام کے مطالبات اور ان کی پرامن تحریک کو سعودی فوجیوں کے ساتھ مل کر طاقت کے ذریعے کچل رہی ہے-