Dec ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: دہلی میں روس ہند سربراہی نشست، دفاعی تعاون اور جوہری توانائی سمیت اہم مسائل پر بات چیت

دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں روس کے صدر ولادیمیرپوتین اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریند مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دفاعی تعاون اور جوہری توانائی میں شراکت سمیت مختلف اہم مسائل پر بات چیت ہونے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتین جمعرات کی شام ہندوستان کے دو روزہ دورے پر دہلی پہنچے اور آج ایوان صدر میں ان کا باضابطہ استقبال کیا گیا۔ جمعہ کی صبح ایوان صدر، راشٹرپتی بھون، میں روسی صدر کو پر تپاک استقبال کے ساتھ ساتھ، روایتی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ اس موقع پر صدر دروپدی مُرمو اور وزیراعظم نریندر مودی موجود تھے۔

Image Caption

 

استقبالیہ تقریب کے بعد صدر پوتین راج گھاٹ گئے جہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کی یادگار پر پھول چڑھائے اور مخصوص رجسٹر میں اپنے تاثرات درج کیے۔ اس کے بعد دونوں رہنما حیدرآباد ہاؤس پہنچے جہاں ان کی سربراہ سطح کی ملاقات جاری ہے۔

اس ملاقات کے مذاکرات میں دفاعی تعاون میں نئی پیش رفت، جوائنٹ مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر، جوہری اور قابلِ تجدید توانائی میں شراکت، تجارت کو 100 ارب ڈالر تک لے جانے کے منصوبے، مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال اور یوکرین جنگ پر سفارتی موقف جیسے کلیدی موضوعات شامل ہیں۔

نریندر مودی نے اس سربراہی نشست میں بات چیت کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان غیر جانبدار نہیں ہے، ہندوستان کی ایک پوزیشن ہے، اور وہ پوزیشن امن کے لیے ہے۔" ولادیمیر پوتین نے جواب میں نریندر مودی کی توجہ اور تنازعہ کو حل کرنے کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ پوتین نے کہا، "ہمارے پاس موقع تھا اور آپ نے مجھے یہ موقع دیا اس بارے میں تفصیل سے بات کرنے کا کہ یوکرین کے سلسلے میں کیا ہو رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ روس ہندوستان کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

 

ٹیگس